ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے پر امریکا تیار، جوہری ہتھیار نہ بنانے کی شرط
نیویارک: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے معاہدے کا راستہ اب بھی کھلا رکھے ہوئے ہیں، تاہم امریکا کی بنیادی شرط واضح ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ اب بھی ایسے معاہدے کیلئے تیار ہیں جس کے نتیجے میں ایران ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بن سکے۔
روبیو کے مطابق امریکا کیلئے سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا معاہدہ ممکن ہو جو اس معاملے کو یقینی بنائے تو صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ سمجھوتے کیلئے تیار ہیں۔
روبیو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے بعد بھی جنگ کے خاتمے اور دیگر اہم معاملات پر اختلافات برقرار ہیں، تاہم سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
اس سے ایک روز قبل بھی روبیو نے کہا تھا کہ امریکا ایرانی قیادت سے ملاقات کیلئے تیار ہے، بشرطیکہ ایسے رابطے سے کسی مثبت پیش رفت اور قابلِ عمل نتیجے کی امید ہو۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے بھی جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکی جواب اور تجاویز کا جائزہ لینے کی تصدیق کی ہے، تاہم تہران اور واشنگٹن کے درمیان متعدد اہم معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔
روبیو نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کیلئے سخت سفارتی کوششوں اور وقت درکار ہوگا، جبکہ امریکی صدر نے فوجی آپشن بھی برقرار رکھا ہوا ہے۔
یوں واشنگٹن ایک طرف ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی حل کا راستہ کھلا رکھے ہوئے ہے، جبکہ دوسری جانب ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اپنی بنیادی شرط بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔