تازہ ترین

بلوچستان حکومت کا کفایت شعاری پیکیج، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی

0

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت صوبے میں سرکاری اخراجات اور ایندھن کی کھپت کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات فوری طور پر نافذ کردیے ہیں، جن کے تحت سرکاری گاڑیوں کیلئے ایندھن کی فراہمی میں تین ماہ کیلئے 50 فیصد کمی اور نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی منظوری کے بعد محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری اقدامات کا اطلاق مالی سال 2026-27 کے دوران مختلف سرکاری اخراجات پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے علاوہ دیگر نان اے آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ ہر قسم کی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی۔

مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضروری خدمات انجام دینے والی آپریشنل گاڑیوں کو ایندھن کی 50 فیصد کمی کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

کفایت شعاری کے تحت آئی ٹی سے متعلق خریداری کے علاوہ فرنیچر، مشینری اور دیگر پائیدار اشیا کی خریداری بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔ تاہم ان پابندیوں کا اطلاق ترقیاتی بجٹ پر نہیں ہوگا۔

حکومت بلوچستان نے تین ماہ کیلئے سرکاری امور کے سلسلے میں بیرون ملک دوروں اور سفر پر بھی مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ تاہم اسکالرشپس، تربیتی پروگرامز اور مخصوص بین الاقوامی ترقیاتی پروگرامز کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ناگزیر بیرون ملک دورے کی صورت میں وزرا، مشیران، پارلیمانی سیکریٹریز اور سرکاری افسران صرف اکانومی کلاس میں سفر کرسکیں گے۔

سرکاری اجلاسوں کے حوالے سے بھی اخراجات کم کرنے کیلئے ہدایت کی گئی ہے کہ اجلاس ترجیحاً ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے جائیں۔ اس کے علاوہ سرکاری عشائیوں اور سرکاری فنڈز سے سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز کے انعقاد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ناگزیر پروگرامز کی صورت میں سرکاری آڈیٹوریمز، کمیٹی رومز اور دیگر دستیاب سرکاری سہولیات استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اضافی اخراجات سے گریز کیا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.