تازہ ترین

وفاقی کابینہ میں بڑے ردوبدل کی تیاری، وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر بنانے پر غور

0

اسلام آباد-وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینے کا عمل تیز کردیا ہے، جس کے بعد وفاقی کابینہ اور اعلیٰ بیوروکریسی میں اہم تبدیلیوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر کا عہدہ دینے پر بھی غور جاری ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی رپورٹس موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں، جن کی بنیاد پر کابینہ میں ردوبدل اور اعلیٰ بیوروکریسی میں تبدیلیوں کا فیصلہ متوقع ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی وزارتوں کو خط ارسال کرکے فروری 2024 سے اب تک کی مکمل کارکردگی رپورٹ طلب کی گئی تھی، جس میں وزارتوں کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور حاصل ہونے والے اہداف کی تفصیلات شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو مختلف وفاقی وزرا کی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے دو اہم حساس اداروں کی رپورٹس بھی موصول ہوچکی ہیں، جنہیں کابینہ کے جائزے کے دوران مدنظر رکھا جائے گا۔

وزیراعظم سے وفاقی وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا جاچکا ہے۔ وفاقی وزیر محسن نقوی بھی وزیراعظم سے وفاقی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا ازسرنو جائزہ لینے کی درخواست کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ کے دوران تمام وفاقی وزرا اور وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی مختلف وزرا سے انفرادی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر کا قلمدان سونپنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ کمزور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وزرا کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں کسی بھی حتمی ردوبدل یا تبدیلی سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے باضابطہ مشاورت کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.