اسلام آباد: وزارت خارجہ کے نئے سیکرٹری کی تعیناتی کے لیے حکومتی سطح پر مشاورت جاری ہے اور سینئر سفارتکاروں میں سے موزوں امیدوار کے انتخاب پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا نام ممکنہ امیدواروں میں نمایاں ہے۔
موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ 18 ستمبر کو متوقع ہے، جس کے باعث نئے سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی وزیراعظم محمد شہباز شریف کی منظوری سے کی جائے گی۔
عاصم افتخار کا نام نمایاں ہونے کی ایک بڑی وجہ ان کا وسیع سفارتی تجربہ اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی سفارتکاری کے امور میں مہارت بتائی جاتی ہے۔ وہ اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری خارجہ کے عہدے کے لیے دیگر سینئر سفارتکاروں کے نام بھی زیر غور ہیں، جن میں بیلجیم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی، امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی شامل ہیں۔ ملائیشیا میں پاکستان کے سفیر سید احسن رضا شاہ سمیت دیگر سینئر افسران کے نام بھی مشاورت کا حصہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں کسی سفارتی ذمہ داری سونپے جانے کے امکانات بھی زیر بحث ہیں۔
سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی ایک اہم انتظامی اور سفارتی فیصلہ سمجھا جاتا ہے، جس میں امیدوار کی سینیارٹی، سفارتی تجربے، پیشہ ورانہ اہلیت اور دیگر متعلقہ امور کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ نئے سیکرٹری خارجہ کے نام سے متعلق صورتحال آئندہ چند روز میں مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔