تازہ ترین

سرکاری ملازمین ایمانداری سے فرائض انجام دیں، سائلین کے مسائل جلد حل ہوں گے `مشیر ماحولیات نسیم الرحمان ملاخیل

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ اگر سرکاری ملازمین اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں تو صوبے کے دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین کے مسائل جلد حل کیے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے محکمہ ماحولیات میں لواحقین کوٹے کے تحت بھرتیوں کا مرحلہ احسن انداز میں مکمل کرنے پر محکمہ ماحولیات کے سیکریٹری اور ڈی جی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ متوفی سرکاری ملازمین کے لواحقین کو ان کا حق دینا محکمہ ماحولیات کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کے زیر اہتمام نو تعینات لواحقین کوٹے کے تحت تقرری آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں 6 امیدواروں کو لواحقین کوٹے کے تحت ان کے تقرری نامے حوالے کیے گئے۔

تقریب کی صدارت وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ماحولیات نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کی، جبکہ سیکریٹری ماحولیات نور محمد پرانی، ڈی جی ماحولیات ظہور بلوچ سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر 6 لواحقین میں تقرری آرڈرز تقسیم کیے گئے، جن کے معاملات کافی عرصے سے زیرِ التوا تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نسیم الرحمان ملاخیل نے کہا کہ متوفی سرکاری ملازمین کے لواحقین کو ان کا حق دینا محکمہ ماحولیات کی اولین ترجیح ہے۔ حکومتی ہدایات کی روشنی میں باقی ماندہ زیرِ التوا کیسز کو بھی جلد از جلد نمٹایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے تمام بھرتیوں کا عمل قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔ اب سرکاری ملازمت حاصل کرنے والے ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹیاں اخلاص اور ایمانداری سے انجام دیں۔

تقریب کے اختتام پر نو تعینات ہونے والے ملازمین نے مشیر ماحولیات نسیم الرحمان ملاخیل اور محکمہ ماحولیات کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.