تازہ ترین

بحرین سمیت مختلف ممالک سے پاکستانی کارکنوں کے اخراج پر تشویش ہے` حنا ربانی کھر

0

مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک سے پاکستانی کارکنوں کے مبینہ اخراج کی اطلاعات نے نئی تشویش پیدا کردی، جبکہ قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی نے معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لینا شروع کردیا۔ چیئرپرسن کمیٹی حنا ربانی کھر نے بعض پاکستانیوں کو مسلک اور فرقے کی بنیاد پر ملک سے نکالے جانے کی اطلاعات پر بھی سوال اٹھا دیا۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس حنا ربانی کھر کی زیرصدارت ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں موجود پاکستانی کارکنوں کو درپیش صورتحال اور ان کے مبینہ اخراج سے متعلق اطلاعات پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران حنا ربانی کھر نے کہا کہ بحرین سمیت مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک سے پاکستانی کارکنوں کو نکالے جانے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ ان کے مطابق ایسی اطلاعات بھی موجود ہیں کہ بعض کارکنوں کو مسلک اور فرقے کی بنیاد پر ملک سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔

چیئرپرسن خارجہ امور کمیٹی نے کمیٹی کو فراہم کی جانے والی نامکمل بریفنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹیوں کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔

وزارت خارجہ کی درخواست پر اجلاس کو ان کیمرہ کردیا گیا۔ وزارت خارجہ کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ مشرق وسطیٰ سے پاکستانی کارکنوں کے اخراج کا معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے۔

اجلاس میں متعلقہ ممالک کے پاکستانی سفیروں نے بھی خارجہ امور کمیٹی کو صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

کمیٹی نے مشرق وسطیٰ میں پاکستانی کارکنوں کو درپیش مسائل اور ان کے اخراج سے متعلق معاملات پر مزید غور کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.