تازہ ترین

پیٹرولیم لیوی پر حکومت کو بڑا الٹی میٹم، جماعت اسلامی کی 6 تجاویز سامنے آگئیں

0

اسلام آباد: پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے، جماعت اسلامی نے لیوی ختم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے 6 تجاویز حکومتی ٹیم کے حوالے کردی ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس کے سامنے جماعت اسلامی نے اپنی تجاویز پیش کردی ہیں۔

لیاقت بلوچ کے مطابق حکومتی ٹیم کو واضح کردیا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کا دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کے باعث معیشت متاثر ہورہی ہے، اس لیے حکومت کو اپنے اخراجات کم کرنے چاہئیں تاکہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے گنجائش پیدا ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر 80 روپے براہ راست لیوی وصول کی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی کو توقع ہے کہ حکومت آئندہ تین روز میں تجاویز کا جائزہ لے کر عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔

اس سے قبل امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان بھی واضح کرچکے ہیں کہ اگر حکومت پیٹرولیم لیوی ختم نہیں کرتی تو جماعت اسلامی کے دھرنے ختم نہیں ہوں گے۔

لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ جماعت اسلامی کی کال پر ملک بھر میں کامیاب ہڑتال ہوئی، جبکہ متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے بعض کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق جماعت اسلامی نے حکومتی وزرا سے مذاکرات میں سرکاری گاڑیوں کو 1300 سی سی تک محدود کرنے سمیت حکومتی اخراجات کم کرنے کی تجاویز بھی پیش کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو واضح کردیا گیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا اور راولپنڈی میں بھی دھرنا شروع کیا جائے گا۔

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق پہلے بھی سامنے آچکا ہے، جبکہ جماعت اسلامی نے مذاکرات کے ساتھ احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.