قلات سے خضدار جاتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ لاپتا، تلاش شروع
قلات: بلوچستان کے ضلع قلات سے جوڈیشل مجسٹریٹ علی بیگ کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جن سے 6 ستمبر کی شام خضدار جاتے ہوئے رابطہ منقطع ہوگیا۔ پولیس نے اہلخانہ کی اطلاع پر ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علی بیگ اپنے آبائی گاؤں شییشہ ڈگر، قلات سے این-25 کے راستے خضدار کی جانب سفر کر رہے تھے۔ ان کی آخری معلوم لوکیشن قلات کے علاقے بنچہ بتائی گئی ہے، جس کے بعد ان سے متعلق کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
اہلخانہ کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
علی بیگ کی گمشدگی نے بلوچستان میں عدالتی افسران کے تحفظ سے متعلق خدشات بھی بڑھا دیے ہیں۔ اس سے قبل 23 جولائی 2026 کو مستونگ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین دہشتگرد حملے میں شہید جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری زخمی ہوگئے تھے۔
نوٹ: علی بیگ کی گمشدگی کے پس منظر میں بعض خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم کسی مخصوص گروہ کے ملوث ہونے کی سرکاری سطح پر حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔