ایران جنگ نے خطرے کی گھنٹی بجادی،خلیجی ممالک صرف امریکا پر بھروسا نہیں کرسکتے: قطر
دوحہ: ایران کے ساتھ جاری جنگ نے خلیجی ممالک کے لیے سیکیورٹی کے حوالے سے نئی حقیقتیں واضح کردی ہیں، قطر نے خبردار کیا ہے کہ خلیجی ریاستیں اپنی سلامتی کے لیے صرف امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر انحصار نہیں کرسکتیں۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ابو ظہبی میں ہِیلی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بین الاقوامی افواج کی موجودگی اور امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک اتحاد انتہائی اہم ہیں، تاہم یہ خلیجی ممالک کی سلامتی کے لیے کافی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ریاستوں کو اپنی دفاعی صلاحیتوں اور سیکیورٹی کے شعبے میں خود انحصاری مزید مضبوط کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال نے یہ واضح کردیا ہے کہ صرف بیرونی اتحادیوں پر انحصار نہیں کیا جاسکتا۔
ماجد الانصاری نے خلیجی ممالک کے درمیان اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ خطے کو موجودہ بحران کو معمول بننے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق قطر خود امریکا کے ساتھ اہم دفاعی شراکت داری رکھتا ہے اور ملک میں مشرق وسطیٰ کا بڑا امریکی فوجی اڈہ بھی موجود ہے۔ تاہم ایران جنگ کے دوران خطے میں فوجی اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد خلیجی ممالک میں اپنی سیکیورٹی صلاحیتوں پر ازسرنو غور کی بحث تیز ہوگئی ہے۔