کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف آئیں گے، مینا مجید بلوچ
کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ کی خصوصی ہدایت پر جی او آر کالونی فٹسال گراؤنڈ کی مرمت و بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا، جس کے بعد طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار گراؤنڈ دوبارہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔
کبھی ویران، اجاڑ اور خستہ حال دکھائی دینے والا جی او آر کالونی فٹسال گراؤنڈ اب ایک خوبصورت اور فعال کھیلوں کے میدان میں تبدیل ہوچکا ہے، جہاں بچے اور نوجوان باقاعدگی سے فٹسال سمیت مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
مرمت و بحالی کے کام کی تکمیل کے بعد صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے گراؤنڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گراؤنڈ میں کھیلوں میں مصروف بچوں اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان سے گفتگو کی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے ان کے مسائل اور ضروریات دریافت کیں۔
مینا مجید بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کی بحالی، نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع کی فراہمی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوان مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں گے۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کی سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
جی او آر کالونی فٹسال گراؤنڈ کی بحالی کو علاقے کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جس سے نہ صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت ماحول بھی میسر آئے گا۔