ایران، فلسطین اور لبنان پر اسلامی ممالک کو متحد مؤقف اپنانا چاہیے: عراقچی
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزیوں پر ذمہ دارانہ اور مؤثر ردعمل دیا جائے اور طاقت کے استعمال و جارحانہ اقدامات کی مخالفت کی جائے۔
عباس عراقچی نے اسلامی تعاون تنظیم کے نومنتخب سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی کے نئے سیکرٹری جنرل تنظیم کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے بعد خطے کی تازہ صورتحال سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزیوں پر ذمہ دارانہ مؤقف اختیار کرنا چاہیے اور طاقت کے استعمال اور جارحیت کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اسلامی دنیا کو درپیش دیگر چیلنجز کا بھی ذکر کیا، بالخصوص فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیوں اور انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ فلسطینی اور لبنانی عوام کے حقوق کی بھرپور حمایت کی جائے اور ان معاملات پر متحد اور مؤثر مؤقف اپنایا جائے۔
عباس عراقچی نے او آئی سی کے نئے سیکرٹری جنرل کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی اور امید ظاہر کی کہ وہ مناسب وقت پر جلد تہران کا دورہ کریں گے۔