پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ، عظیم دیوارِ چین پر شاندار ثقافتی تقریب
پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ثقافت اور دوستی کا رنگ نمایاں ہوگیا، جہاں عظیم دیوارِ چین کے دلکش پس منظر میں چینی روایتی موسیقی اور پاکستانی صوفی قوالی کی آوازوں نے شرکا کو مسحور کر دیا۔
اس موقع پر 2026 بیجنگ بین الاقوامی عظیم دیوار کنسرٹ کا انعقاد وانگ جِنگ اسکوائر میں کیا گیا، جس کا موضوع ’آہنی دوستی کے نام‘ رکھا گیا تھا۔ تقریب کا اہتمام بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر نے مشترکہ طور پر کیا، جبکہ یان چھنگ ضلع کی عوامی حکومت نے بھی اس سلسلے میں معاونت فراہم کی۔
تقریب کے دوران چینی روایتی موسیقی کے ساتھ پاکستانی صوفی قوالی پیش کی گئی، جس نے شرکا کو محظوظ کرنے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور دیرینہ تعلقات کی خوبصورت عکاسی کی۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم دیوارِ چین کا یہ تاریخی مقام پاک چین تعلقات کے تاریخی اور تہذیبی روابط کی بھی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بادالنگ کے علاقے میں واچ ٹاورز 6 اور 7 کے درمیان واقع عظیم دیوارِ چین کے ایک حصے کی 1989 میں حکومت پاکستان کے تعاون سے بحالی کی گئی تھی، جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی نمایاں علامت ہے۔
خلیل ہاشمی نے کہا کہ موسیقی جذبات کو آواز دیتی ہے جبکہ رقص انہیں شکل اور حرکت عطا کرتا ہے۔ ان کے مطابق دونوں فنون مل کر ثقافتی ورثے کو محض یاد رکھنے کی چیز کے بجائے ایک زندہ تجربے میں تبدیل کر دیتے ہیں۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایسی ثقافتی تقریبات پاکستان اور چین کے درمیان موجود دیرینہ ثقافتی قربت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ یہی قربت دونوں ممالک کی طویل المدتی سفارتی اور معاشی شراکت داری کو بھی تقویت دیتی ہے۔
تقریب میں اعلیٰ سفارتی حکام، پاکستان کے سابق وزرائے خارجہ، سابق سفرا، چینی شخصیات، فنکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی ورثے اور فنون کے ذریعے پاک چین تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی کو اجاگر کیا گیا۔