جنگ کے دوران ایران کے متعدد ہوائی اڈوں کو نقصان پہنچا: ایرانی حکام
تہران: ایرانی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران ملک کے 27 ہوائی اڈے مختلف نوعیت کے نقصانات سے متاثر ہوئے، جن میں دارالحکومت تہران کا ہوائی اڈہ بھی شامل ہے۔
ایران کے ہوائی اڈوں کے نگران ادارے کے سربراہ مرتضیٰ دہقان نے بتایا کہ جنگ کے دوران متعدد ہوائی اڈوں کے بنیادی ڈھانچے کے مختلف حصے متاثر ہوئے۔
ان کے مطابق متاثرہ تنصیبات میں رن ویز، سکیورٹی عمارتیں، فضائی راستہ معلوم کرنے کا نظام، معائنے کی سہولیات اور مسافر ٹرمینلز شامل تھے۔
مرتضیٰ دہقان نے بتایا کہ متاثرہ ہوائی اڈوں کی بحالی اور تعمیر نو مشکل مرحلہ تھا، تاہم حکام نے یہ کام مکمل کرلیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق گزشتہ موسمِ گرما میں اسرائیلی حملوں کے بعد متعدد طیارے بھی حملوں کی زد میں آئے تھے۔ اس سے قبل ایرانی حکومت کے ترجمان نے بوشہر ایئرپورٹ کو شدید نقصان پہنچنے اور اسے دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا تھا۔