تازہ ترین

مشترکہ سیکیورٹی پلان، ایران نے چین کی تجویز کی مکمل حمایت کردی

0

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خطے میں مشترکہ سلامتی کے لیے چین کی تجویز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کو اپنے مستقبل اور سلامتی کے معاملات کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ مشترکہ سلامتی کے فروغ پر چین کا زور اس اصول کی عکاسی کرتا ہے جس کی ایران طویل عرصے سے حمایت کرتا آرہا ہے۔ ان کے مطابق خطے میں حقیقی استحکام اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب علاقائی ممالک مل کر اپنے خطے سے جنم لینے والا نیا سلامتی کا ڈھانچہ تشکیل دیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنے مستقبل کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لینی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس مقصد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور علاقائی سلامتی کے نئے نظام میں تعاون کرنے کے لیے آمادہ ہے۔

باقر قالیباف نے مزید کہا کہ تہران مسلسل علاقائی ممالک پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ خطے سے باہر کی طاقتوں پر انحصار کم کریں اور باہمی تعاون کے ذریعے اپنی سلامتی کو یقینی بنائیں۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چینی صدر شی جن پنگ نے مصر کے دورے کے دوران مشرق وسطیٰ میں ایک نئے سلامتی کے ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی صدر نے مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور دیرپا سلامتی کے قیام کی بات کرتے ہوئے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا تھا۔

چین کی تجویز میں خطے کی سلامتی کے لیے داخلی عوامل کو فعال کرنے، مربوط حکمت عملی اختیار کرنے، ترقی کی بنیادیں مضبوط بنانے اور بین الاقوامی روابط میں اضافے پر زور دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.