نیپال میں تباہی، اسحاق ڈار کا سفارتخانے کا دورہ، بڑی یقین دہانی
اسلام آباد: نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر پاکستان نے ایک بار پھر نیپالی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دے دیا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کرکے متاثرین سے تعزیت اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔
اسحاق ڈار نے سفارتخانے میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قدرتی آفت سے متاثرہ نیپالی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی خطے کے ممالک کو غیرمعمولی طور پر متاثر کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی جبکہ لاپتہ افراد کی حفاظت کی دعا کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نیپال کی امدادی اور بحالی کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ پاکستان رواں ہفتے نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان روانہ کرے گا۔
نیپالی حکام کے مطابق 26 اگست کو آنے والے تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد اب تک 1204 لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں، جبکہ تقریباً 4200 افراد تاحال لاپتہ اور 12 ہزار کے قریب افراد کو بحفاظت نکالا جاچکا ہے۔