بارشوں کا نیا سلسلہ، نشیبی علاقوں میں طغیانی اور شہری سیلاب کا خدشہ
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں 53 ملی میٹر جبکہ اٹک میں 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمے کے مطابق ہفتے کے روز خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے، جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور صبح ہونے والی موسلادھار یا شدید موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
اس دوران کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور احتیاطی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور خیبرپختونخوا
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ صبح کے اوقات میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ دیر، سوات، شانگلہ، چترال، کوہستان، بٹگرام، بونیر، نوشہرہ، پشاور، صوابی، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
صبح کے اوقات میں ان علاقوں کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے، جبکہ شام یا رات کو کرک، ہنگو، بنوں، ٹانک، وزیرستان، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں بھی بارشوں کی پیش گوئی
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور قصور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، نورپور تھل، لیہ، بھکر، تونسہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان کا موسم
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے، جبکہ شام یا رات کو ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو بارش کے دوران احتیاط برتنے اور نشیبی و پہاڑی علاقوں میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔