تازہ ترین

امریکا کا سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر کے جدید بم فروخت کرنے کا فیصلہ

0

واشنگٹن: امریکا نے سعودی عرب کے لیے اربوں ڈالر کے نئے دفاعی پیکیج کی راہ ہموار کردی، امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے جدید فضائی بموں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کو جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز ایکسٹینڈڈ رینج (JDAM-ER) کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی گئی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 5 ارب ڈالر ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب کو تقریباً 750 ملین ڈالر مالیت کے AGT-150 انجنوں کی ممکنہ فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مجوزہ دفاعی معاہدوں سے سعودی عرب کو موجودہ اور مستقبل کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ان سودوں سے سعودی دفاعی تیاری، آپریشنل ضروریات اور امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی دفاعی معاہدوں کی منظوری دی ہے۔ عمان کے لیے F-16 جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت سے متعلق تقریباً 188 ملین ڈالر کے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی طرح عراق کو تقریباً 150 ملین ڈالر مالیت کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹروں کی ممکنہ فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ان مجوزہ دفاعی سودوں کا مقصد متعلقہ ممالک کی دفاعی صلاحیتوں اور امریکا کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مزید بہتر بنانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.