کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ، مستونگ، قلات اور سبی میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 36 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ 72 گھنٹوں کے دوران ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 48 ہوگئی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ کے علاقے شعبان میں کارروائی کے دوران 26 خوارجی دہشتگرد مارے گئے، جبکہ مستونگ میں 6، قلات میں 2 اور سبی کے علاقے بھاگ میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز کا عزم قابلِ تحسین ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردوں کو صوبے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام امن کے قیام کے لیے فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔