تازہ ترین

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت، 8 رکنی کابینہ تشکیل

0

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ ن کی زیر قیادت نئی حکومت کا ابتدائی انتظامی ڈھانچہ مکمل ہوگیا، جہاں 8 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔

آزاد کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق نے مظفرآباد میں ایوان صدر میں منعقدہ باوقار تقریب میں نئے وزرا سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والوں میں وقار نور، اظہر صادق، ثاقب مجید، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، راجا ریاست، انجینئر عمیر نعیم، عبدالرحمٰن آرائیں اور سردار میر اکبر شامل ہیں۔

تقریب میں آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم افتخار گیلانی، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان، اعلیٰ سرکاری افسران، انتظامی حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نئے وزرا نے حلف اٹھاتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

کابینہ کی تشکیل کے بعد نئی حکومت کے انتظامی امور باضابطہ طور پر شروع ہوگئے ہیں، جبکہ وزرا کو مختلف محکموں کے قلمدان مرحلہ وار سونپے جانے کا امکان ہے۔

حلف برداری کی تقریب کے دوران مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی مرکزِ توجہ رہے اور بڑی تعداد میں نومنتخب ارکان اسمبلی ان کے گرد جمع رہے۔

دوسری جانب نو منتخب وزرا کے انتخابی حلقوں سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور شہریوں نے نئی کابینہ کے قیام پر حمایت کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم افتخار گیلانی کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی جماعت کا اجلاس بھی ہوا، جس میں شاہ غلام قادر نے شرکت کی۔

افتخار گیلانی نے 28 اگست کو آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا منصب سنبھالا تھا۔ انہوں نے اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے دوران اکثریت حاصل کی تھی۔

شاہ غلام قادر کو ابتدا میں وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا گیا تھا، تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے ان کی نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد افتخار گیلانی کو وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار بنایا گیا اور وہ کامیاب ہوگئے۔

آزاد کشمیر کی 53 رکنی قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کو اپنے اتحادیوں جمعیت علمائے اسلام اور عوامی دست و بازو سمیت 32 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس 14 ووٹ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.