سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے بگ باس بنگلا کی میزبانی سنبھال لی
ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے کھیل کے میدان سے باہر ایک نیا کردار سنبھالتے ہوئے تقریباً ایک دہائی بعد ٹیلی ویژن کی میزبانی میں واپسی کرلی ہے۔
سارو گنگولی کو مقبول رئیلٹی شو ’بگ باس بنگلا‘ کے تیسرے سیزن کا میزبان مقرر کیا گیا ہے، جس کی باقاعدہ نشریات 30 اگست سے اسٹار جلسا اور جیو ہاٹ اسٹار پر شروع ہوچکی ہیں۔
گنگولی نے بگ باس کو بھارت کا سب سے بڑا شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کی وسیع مقبولیت اور مختلف زبانوں میں اس کی موجودگی اسے دیگر ٹیلی ویژن شوز سے منفرد بناتی ہے۔
سابق بھارتی کپتان کے لیے یہ ذمہ داری اینڈیمول شائن انڈیا کے ساتھ پہلی وابستگی بھی ہے، جبکہ وہ تقریباً 10 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ کسی ٹی وی پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں۔
گنگولی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں کئی ٹیلی ویژن شوز کیے ہیں، تاہم بگ باس کی میزبانی ان کے لیے ایک بالکل مختلف اور نیا تجربہ ہے۔
واضح رہے کہ بگ باس بنگلا تقریباً ایک دہائی کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بگ باس کے ہندی ورژن کی میزبانی سلمان خان بدستور کر رہے ہیں، جس کا 20واں سیزن 6 ستمبر سے شروع ہوگا۔