قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
جمعہ کو ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ دہشت گردی کا نہ کوئی مذہب ہے، نہ قومیت اور نہ ہی نسل، بلکہ دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ متحد کھڑی ہے۔ ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر مذموم سازش ناکام بنائی جائے گی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔