تازہ ترین

عالمی امن کے لیے مؤثر اقوام متحدہ ضروری ہے: وزیراعظم شہباز شریف

0

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر اقوام متحدہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کثیرالجہتی نظام، عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونّو سے ملاقات کے دوران کیا۔ ان کے ہمراہ یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور سابق وزیراعظم روہاکانا روگنڈا بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے عالمی قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے کردار کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل عالمی ادارے کے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق پر متوازن اور باہم مربوط توجہ برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کا مضبوط اور مؤثر ہونا انتہائی اہم ہے۔

ملاقات کے دوران سفیر اولارا اوتونّو نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کے لیے اس کی حمایت پر گہری تشکر کا اظہار کیا۔

انہوں نے عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ کی جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت اور اہم کردار کو بھی سراہا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.