دہشت گرد بلوچستان میں امن و ترقی کا سفر نہیں روک سکتے، شاہد رند
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر صوبائی حکومت نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاست کے مضبوط عزم اور سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہیں۔
اپنے بیان میں شاہد رند نے قلات میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، جرات اور بروقت کارروائیاں قابلِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
شاہد رند کے مطابق صوبے کے عوام نے ہمیشہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاستی اداروں کا ساتھ دیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف قومی جدوجہد میں آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سفر روکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔
معاون وزیراعلیٰ نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی سطح پر مربوط کوششیں جاری ہیں۔ ان کے بقول دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیاں ریاست کے مضبوط عزم اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی اداروں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی۔
شاہد رند نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ بلوچستان میں امن اور ترقی کے سفر کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا اور صوبے کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 4 ستمبر کو قلات میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم بھی تباہ کیے گئے۔