تازہ ترین

مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کے لیے بڑی خوشخبری، نئی سہولتیں اور معاون خدمات متعارف

0

مدینہ منورہ-مسجد نبوی ﷺ میں دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت اور عبادت کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے سعودی حکام نے جدید خدمات اور خصوصی سہولتوں کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں مختلف زبانوں میں رہنمائی، خصوصی افراد کے لیے معاونت اور بچوں کے لیے نرسری کی سہولت بھی شامل ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے امور کی جنرل اتھارٹی کی جانب سے زائرین کے لیے آسان رسائی، مؤثر رہنمائی اور مختلف معاون خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

نئے اقدامات کے تحت معمر افراد اور خصوصی ضروریات رکھنے والے زائرین کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ زیادہ آسانی اور اطمینان کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ میں عبادت اور زیارت کرسکیں۔

زائرین کی رہنمائی کے لیے جامع گائیڈنس سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں دنیا بھر سے آنے والے افراد کو مسجد کے مختلف حصوں اور دستیاب سہولتوں کے حوالے سے ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔

غیر ملکی زائرین کی سہولت کے لیے مختلف زبانوں میں ترجمے اور رہنمائی کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، جس سے مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کو اپنی زبان میں معلومات حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

بچوں کے ہمراہ آنے والے خاندانوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں چلڈرنز نرسری سمیت دیگر معاون خدمات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ والدین زیادہ سکون اور اطمینان کے ساتھ عبادات اور زیارت کا اہتمام کرسکیں۔

سعودی حکام کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کے تجربے کو مزید بہتر بنانا اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف سے بھی ہم آہنگ قرار دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ میں جدید اسمارٹ انجینئرنگ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسجد میں فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کی ڈیجیٹل نگرانی اور انتظام کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور معاون خدمات کے استعمال سے زائرین کو زیادہ منظم، محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.