تازہ ترین

عامر خان سے شاہ رخ خان تک، ’سوادیس‘ کی کاسٹنگ کی دلچسپ کہانی

0

ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول فلم ’سوادیس‘ اور شاہ رخ خان کی کاسٹنگ سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے مطابق یہ فلم ابتدا میں شاہ رخ خان کے لیے نہیں بلکہ عامر خان کے ساتھ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

سال 2004 میں ریلیز ہونے والی ’سوادیس‘ کو حقیقت پسندانہ کہانی، سماجی مسائل، دیہی بھارت اور ثقافتی پس منظر کی عکاسی کے باعث مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔

فلم کے اداکار اور مصنف امین حاجی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہدایت کار آشوتوش گوواریکر کی فلم ’لگان‘ کی کامیابی کے بعد ان کے اگلے پروجیکٹ کی منصوبہ بندی عامر خان کے ساتھ کی جا رہی تھی اور اس وقت فلم کا نام ’دیش‘ رکھا گیا تھا۔

امین حاجی کے مطابق عامر خان مرکزی کردار کے ساتھ ساتھ ’عامر خان پروڈکشنز‘ کے تحت فلم کے پروڈیوسر کے طور پر بھی شامل تھے۔ تاہم عامر خان اسکرین پلے پر مزید کام کرنا چاہتے تھے اور اپنی دیگر مصروفیات کے باعث آشوتوش گوواریکر کو مطلوبہ وقت نہیں دے پا رہے تھے، جس کے بعد انہوں نے پروجیکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی۔

عامر خان کے بعد ریتک روشن اور آر مادھون کے ناموں پر بھی غور کیا گیا، جبکہ مادھون نے فلم کے لیے آڈیشن بھی دیا۔

اسی دوران شاہ رخ خان نے فلم ’لگان‘ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی، جس کے لیے فلم سٹی کے ایڈلیبس میں خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ امین حاجی کے مطابق وہ اس اسکریننگ کے دوران شاہ رخ خان کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔

فلم ختم ہونے کے بعد شاہ رخ خان نے آشوتوش گوواریکر کے اگلے پروجیکٹ میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد آزادی کی جدوجہد میں شامل تھے، اس لیے وہ ’دیش‘ میں موہن بھارگو کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

یوں موہن بھارگو کا کردار بالآخر شاہ رخ خان کو مل گیا اور ’دیش‘ بعد میں ’سوادیس‘ کے نام سے سامنے آئی۔

امین حاجی نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان کا خیال ہے کہ اگر عامر خان کسی فلم سے وابستہ ہوں اور بعد میں اس سے الگ ہو جائیں تو وہ فلم بغیر اسکرپٹ پڑھے سائن کر لیں گے، کیونکہ ان کے نزدیک عامر خان کا کسی پروجیکٹ کا حصہ بننا اس کی مضبوط کہانی کی علامت ہے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.