عالمی ریکارڈ کیلیے بولر نے 100 کلومیٹر دوڑ کر گیند کرائی
عالمی ریکارڈ بنانے کی منفرد کوشش میں برطانیہ کے 22 سالہ کرکٹر سام بوڈوانو نے تقریباً 100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد بالآخر گیند کرادی، جبکہ اس غیر معمولی چیلنج کا مقصد ایک فلاحی ادارے کے لیے رقم جمع کرنا بھی تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سام بوڈوانو نے لندن کے لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم سے اپنا سفر شروع کیا اور مسلسل 14 گھنٹے 6 منٹ تک دوڑتے ہوئے سرے پہنچے، جہاں انہوں نے اپنی منزل پر پہنچ کر گیند کرائی۔
اس منفرد کوشش کے دوران سام نے گیند مسلسل اپنے ہاتھ میں تھامے رکھی۔ منزل پر پہنچنے کے بعد انہوں نے یہی گیند اپنے والد کو کرائی، جنہوں نے اسے کور کی جانب کھیلا، تاہم اس پر کوئی رن نہ بن سکا۔
سام بوڈوانو کے مطابق تقریباً 100 کلومیٹر کی دوڑ کے دوران مسلسل گیند کو ہاتھ میں تھامے رکھنا انتہائی مشکل تھا، تاہم ایک نیک مقصد نے انہیں یہ چیلنج مکمل کرنے کے لیے حوصلہ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کوشش کا مقصد صرف عالمی ریکارڈ قائم کرنا نہیں تھا بلکہ ایک فلاحی ادارے کے لیے 6 ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم جمع کرنا بھی تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس کیٹیگری میں موجودہ اعزاز ایک ایسے بولر کے پاس ہے جس نے اگست 2024 میں 15 میل دوڑنے کے بعد گیند کرائی تھی۔
تاہم سام بوڈوانو کی اس کوشش کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے تاحال باضابطہ عالمی ریکارڈ قرار نہیں دیا گیا۔