تازہ ترین

حکومت نوجوانوں کو روزگار اور جدید تعلیم کے مواقع فراہم کرے، حافظ نعیم

0

کراچی: ملک کی بڑی نوجوان آبادی کو قومی ترقی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے نوجوانوں کے لیے روزگار، معیاری تعلیم اور جدید ہنر سیکھنے کے مواقع بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے حکومت کو نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے مؤثر اور جامع پالیسی تشکیل دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف روایتی تعلیم تک محدود رکھنے کے بجائے جدید اور معیاری تعلیم کے ساتھ فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں حاصل کرسکیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے مفت آئی ٹی کورسز کا دائرہ وسیع کرے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق تربیت فراہم کرے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل شعبے میں مہارت حاصل کرکے نوجوان نہ صرف ملک میں روزگار حاصل کرسکتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی خدمات پیش کرکے ملکی معیشت میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے الخدمت فاؤنڈیشن کے ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مؤثر ثابت ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور ہنر کے مواقع فراہم کرنا ملک کے مستقبل کو مضبوط بنانے کے مترادف ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کیا جائے تو وہ ملکی معیشت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ قوم کی پائیدار ترقی اور بہتر مستقبل نوجوان نسل کی ترقی سے ہی وابستہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.