بلوچستان میں وفاقی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت
کوئٹہ: بلوچستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور تکمیل سے متعلق اہم اجلاس میں منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی منصوبوں کی پیش رفت، مقررہ ٹائم فریم، مالی و تکنیکی مشکلات اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ نے اجلاس کو منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرکے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کو بہتر سفری اور بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں معیاری انداز میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔