اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کے بھارتی مؤقف کی تائید نہ کرنے سے بھارت کا پروپیگنڈا عالمی سطح پر بے نقاب ہوگیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ملائیشین وزیراعظم کے حالیہ انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی سوال کے باوجود انور ابراہیم نے پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کے دعوے کی توثیق نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشین وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے ملوث ہونے کا تعین کرنے کے لیے معاملے کو پہلے ثابت کرنا ہوگا اور ان کی کسی انٹیلی جنس ایجنسی نے پاکستان کے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی میں ملوث ہونے سے متعلق انہیں آگاہ نہیں کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر جنگ شروع کی اور اسے بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب بھارت عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے موقع پر کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام حل طلب مسائل پر مذاکرات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے دونوں ممالک خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے راستہ نکال سکتے ہیں۔