تازہ ترین

بارشوں کا نیا سلسلہ، اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

0

اسلام آباد: اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں 14 سے 17 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی، بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

بالائی خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کے تیز بہاؤ، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے اور مقامی انتظامیہ، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری تازہ موسمی و ہنگامی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں بارش برسانے والا سلسلہ تشکیل پا رہا ہے۔ آئندہ 2 سے 5 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، ٹیکسلا، واہ کینٹ اور گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جبکہ آندھی اور گرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.