پاکستان اور لبنان کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق، لبنانی وزیر داخلہ پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد: پاکستان اور لبنان نے سیکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور داخلہ امور سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی دعوت پر 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
لبنان کے وزیر داخلہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ان کا باضابطہ استقبال کیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
احمد الحجار اپنے دو روزہ قیام کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و حکومتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ بھی اہم ملاقات متوقع ہے۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سیکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور داخلہ امور میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دونوں برادر ممالک کے درمیان مستقبل کی حکمت عملی اور مشترکہ اقدامات سے متعلق بھی اہم بات چیت ہوگی۔