تازہ ترین

پاکستان اور افریقی ممالک کا بڑا معاشی قدم، تجارت 15 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم

0

اسلام آباد: پاکستان اور افریقی ممالک نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پاکستان افریقا اقتصادی کونسل قائم کردی، جس کا مقصد 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 15 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان سالانہ دوطرفہ تجارت اس وقت تقریباً 4 ارب ڈالر کے قریب ہے، تاہم حکومت اقتصادی اور تجارتی روابط کو مزید وسعت دے کر افریقی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران پاکستان افریقا اقتصادی کونسل کے قیام کا اعلان کیا گیا، جس میں دونوں جانب سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید متنوع بنانے اور باہمی سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

تقریب میں روانڈا، ماریشس، مراکش، زمبابوے، سوڈان، کینیا اور ایتھوپیا سمیت مختلف افریقی ممالک کے سفیر، ہائی کمشنرز اور قونصل جنرلز شریک ہوئے۔

شرکا نے پاکستان کے ان اہم شعبوں کو بھی اجاگر کیا جہاں افریقی ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے کہا کہ پاکستان افریقا اقتصادی کونسل افریقی ممالک اور پاکستان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

حکام کے مطابق دونوں جانب سے باہمی سرمایہ کاری بڑھانے اور دستیاب وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے تاکہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے۔

پاکستان گزشتہ کئی برسوں سے معاشی بحالی کیلئے تجارت، علاقائی رابطوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے پر توجہ دے رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گزشتہ سال افریقی ممالک کے ساتھ بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط بڑھانے کی ہدایت کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.