محمود اچکزئی اور اختر مینگل میں ملاقات، سیاسی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: ملک میں سیاسی سرگرمیوں اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ملاقات کی، جس میں ملکی اور علاقائی صورتحال کے ساتھ آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید زین شاہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے معاشی ترجمان محمد زبیر عمر، بی این پی کے رہنما ساجد ترین ایڈووکیٹ، تحریک کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی اور رہنما آغا حسن بلوچ بھی شریک ہوئے۔
شرکاء نے بلوچستان سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی سیاسی دلچسپی کے مختلف امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی حالات اور درپیش علاقائی معاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران تحریک تحفظ آئین پاکستان کے 15 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی اور اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔