عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو درپیش مالی مشکلات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام پر بڑھتے ہوئے بوجھ سے پوری طرح آگاہ ہے اور مشکل وقت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والوں پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم شروع کی جارہی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اسلام آباد کی حدود میں اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک بھر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔