رضا اللہ کی آل راؤنڈ کارکردگی نے شاہد آفریدی کو بھی متاثر کردیا
کراچی: قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی رضا اللہ نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ اور آل راؤنڈ کارکردگی سے نمایاں توجہ حاصل کرلی، جس پر سابق کپتان شاہد آفریدی بھی ان کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے ہیں۔ شاہد آفریدی نے نوجوان کھلاڑی کے جذبے، اعتماد اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور قومی ٹیم کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی نے عزم، حوصلے اور بھرپور اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا اور یہ ثابت کیا کہ مضبوط ارادے کے ساتھ بڑی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔
شاہد آفریدی نے رضا اللہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم انتظامیہ نوجوان کھلاڑی کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور اسے بہتر مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دیں گے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، تاہم رضا اللہ نے اپنے ڈیبیو میچ میں شاندار کارکردگی سے شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی توجہ حاصل کی۔
رضا اللہ نے 9 چھکوں کی مدد سے صرف 63 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس کی بدولت پاکستان انگلینڈ کو 130 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔ وہ اس وقت میدان میں آئے جب پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 4 رنز درکار تھے اور ٹیم کی صرف 2 وکٹیں باقی تھیں۔