کولمبو: سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقدہ بین الاقوامی کک باکسنگ مقابلوں میں پاکستان کے 2 نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے ٹائٹل جیت لیے۔ بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے آغا طلال حیدر اور نصیب اللہ کی کامیابی نے پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔
مقابلے کے دوران پشین سے تعلق رکھنے والے کک باکسر آغا طلال حیدر نے بھارتی فائٹر کو سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ دوسرے پاکستانی کھلاڑی نصیب اللہ نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سری لنکن فائٹر کو مات دے کر کامیابی حاصل کی۔
دونوں کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر کامیابی پر پشین سمیت بلوچستان بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کھیلوں سے وابستہ حلقوں، شہریوں اور نوجوانوں نے آغا طلال حیدر، نصیب اللہ اور ان کے کوچ سمیع اللہ کاکڑ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی کو پاکستان، بلوچستان اور بالخصوص ضلع پشین کیلئے باعثِ فخر قرار دیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پشین کے نوجوانوں نے ایک بار پھر عالمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بلوچستان کے نوجوانوں کو مناسب مواقع، تربیت اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ کھیلوں کے میدان میں ملک و قوم کا نام مزید روشن کرسکتے ہیں۔