تازہ ترین

سعودی آئل پائپ لائن بند، عالمی منڈی میں خام تیل 107 ڈالر سے تجاوز کرگیا

0

لندن: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور سعودی عرب کی اہم آئل پائپ لائن کی بندش کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں، برینٹ خام تیل 107 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگیا جبکہ عالمی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوگیا۔

برینٹ خام تیل کی قیمت 2.90 ڈالر یا 2.77 فیصد اضافے کے بعد 107.51 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 2.27 ڈالر یا 2.27 فیصد اضافے سے 102.32 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن جمعہ کو عراق سے مبینہ طور پر کیے گئے ڈرون حملے کے بعد بند کردی گئی۔ یہ پائپ لائن سعودی عرب کو آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر تیل کی ترسیل کا راستہ فراہم کرتی ہے، جبکہ اس کی بندش عالمی تیل کی سپلائی کے تقریباً 4 فیصد تک کو متاثر کرسکتی ہے۔

تاجروں کی نظریں اب پائپ لائن کی بحالی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر مرکوز ہیں، تاہم تازہ حملوں نے اہم عالمی بحری راستوں سے تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق جنوبی صوبے جازان میں حوثی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز کو بھی ایک پرجیکٹائل کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ ایران نے ایک دوسرے تجارتی جہاز پر ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔

بحیرہ احمر کے راستے باب المندب میں بھی خطرات بڑھ گئے ہیں، جہاں یمن کے ایران نواز حوثیوں کے جزیرہ میون (پیریم) تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ یہ اسٹریٹجک آبی گزرگاہ حالیہ عرصے میں عالمی تیل سپلائی کے تقریباً 4 سے 5 فیصد حصے کی ترسیل کا ذریعہ رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 8 فیصد اضافہ ہوا اور قیمت جولائی کے بعد پہلی مرتبہ 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر گئی۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر سپلائی میں رکاوٹیں برقرار رہیں تو خام تیل کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ آئی جی کے تجزیہ کار ٹونی سائکامور کے مطابق قیمت مارچ کے اوائل کی 119.48 ڈالر فی بیرل کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ سکتی ہے۔

دوسری جانب عمان نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان ہونے والا مجوزہ اجلاس ملتوی کردیا ہے، جس سے فوری سفارتی حل کی امیدیں بھی مزید کم ہوئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.