تازہ ترین

مستونگ اور پشین میں آپریشن،کمانڈر نقیب سمیت 9 دہشت گرد ہلاک

0

کوئٹہ: بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی الگ الگ کارروائیوں میں کمانڈر نقیب سمیت 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 سی ٹی ڈی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی، جس میں کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تینوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب پشین کے ایک علاقے میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے دوران 4 سی ٹی ڈی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد ایک کالعدم تنظیم سے وابستہ تھے، جبکہ کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں پر حملوں میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.