بھارت کی معاشی ترقی کے دعوے، بے روزگاری نے نوجوانوں کو مایوس کردیا
نئی دہلی: بھارت میں بڑھتی بے روزگاری نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے حصول کو ایک بڑا چیلنج بنا دیا ہے، اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی ڈگریاں رکھنے والے نوجوان بھی مناسب ملازمت کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق ملازمت کی تلاش میں مصروف بھارتی نوجوان ابھی گپتا متعدد انٹرویوز دینے کے باوجود اب تک روزگار حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔
ابھی گپتا کا کہنا ہے کہ ان کا روزانہ کا بیشتر وقت صبح سے شام تک صرف ملازمت تلاش کرنے میں گزر جاتا ہے، تاہم مسلسل کوششوں کے باوجود مناسب کام نہیں مل رہا۔
ان کے مطابق تین سالہ تکنیکی ڈگری مکمل کرنے کے باوجود روزگار کا حصول مشکل ہوچکا ہے۔ خاص طور پر ٹیکنالوجی کے شعبے میں طویل عرصے تک عملی کام سے دور رہنے کی صورت میں ڈگری کی عملی قدر و قیمت بھی متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
بھارتی نوجوانوں کی یہ صورتحال ملک میں روزگار کے مواقع اور بے روزگاری سے متعلق بڑھتے ہوئے سوالات کو نمایاں کرتی ہے، جہاں تعلیم مکمل کرنے کے بعد بھی بہت سے نوجوان اپنی قابلیت کے مطابق ملازمت حاصل کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔