تازہ ترین

ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتیں کم ہونے کا امکان، سیلز ٹیکس میں کمی

0

اسلام آباد: حکومت نے مقامی طور پر تیار کردہ ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں کے خریداروں کیلئے اہم ریلیف کا اعلان کردیا، 2000 سی سی تک انجن کی حامل مقامی ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کردیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس میں 7 فیصد پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔

حکومت کے اس فیصلے کے بعد مقامی طور پر اسمبل ہونے والی ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، جس سے یہ گاڑیاں صارفین کیلئے نسبتاً زیادہ سستی ہوسکتی ہیں۔

اس اقدام کا مقصد ہائبرڈ گاڑیوں کو حکومت کے نیو انرجی وہیکلز (NEV) پالیسی فریم ورک کے قریب لانا بھی ہے۔ مجوزہ نئی آٹو پالیسی میں ہائبرڈ اور روایتی گاڑیوں کیلئے ٹیکس اور ڈیوٹی کے ڈھانچے کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی تجاویز شامل ہیں۔

سیلز ٹیکس میں کمی کا اثر مقامی آٹو موٹیو انڈسٹری، بالخصوص ہائبرڈ گاڑیوں کے مینوفیکچررز اور صارفین پر پڑنے کی توقع ہے۔ تاہم مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ٹیکس کمی کے نتیجے میں کتنی کمی ہوگی، اس حوالے سے مزید تفصیلات کار ساز کمپنیوں کی جانب سے سامنے آنے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.