اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، داخلی امور اور سیکیورٹی سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور لبنانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے داخلی امور اور سیکیورٹی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے لبنانی قیادت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا اور لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا یقین دلایا۔
لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لبنان کے عزم کا اعادہ کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور لبنان کے درمیان سزا یافتہ شہریوں کی منتقلی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
مفاہمتی یادداشت پر دونوں ممالک کے متعلقہ وزرائے داخلہ نے دستخط کیے۔ یادداشت کے تحت سزا یافتہ شہریوں کو قانونی طریقہ کار کے ذریعے اپنی باقی ماندہ سزا اپنے ملک میں مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔