تازہ ترین

صدر زرداری سے فرانسیسی سفیر کی الوداعی ملاقات، پاک فرانس تعلقات پر گفتگو

0

اسلام آباد: فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فرانس کے دیرینہ تعلقات، معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور فرانس کے تعلقات کے فروغ میں فرانسیسی سفیر کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے مشکل دور کے بعد دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں سفیر نکولس گیلے کے تعمیری کردار کو سراہا اور اعلیٰ سطح کے باقاعدہ رابطوں، معاشی تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے فرانس میں تباہ کن جنگلاتی آگ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر فرانسیسی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں فرانس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے امریکی ایران تنازع میں پاکستان کے تعمیری ثالثی کردار کے فرانس کی جانب سے اعتراف کو بھی سراہا۔

آصف علی زرداری نے باہمی مفاد کے شعبوں میں مزید تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں فرانسیسی کمپنیوں اور فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی کے کردار کو بھی سراہا۔

صدر مملکت نے فرانسیسی سفیر کو اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران تعاون اور حمایت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنے کے موقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانس فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتا ہے اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جاری منصفانہ تحریکوں کی حمایت کرتا ہے۔

نکولس گیلے نے حالیہ امریکی ایران تنازع میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے صورتحال سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معاملے کو انتہائی مہارت سے سنبھالا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.