ملک میں سیلاب کا خدشہ،وزیراعظم کا اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم
اسلام آباد: ملک میں جاری شدید مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور متاثرہ شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں مون سون بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل اور مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی کی جاسکے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو مون سون کی موجودہ صورتحال، آئندہ متوقع بارشوں اور مختلف صوبوں میں متعلقہ اداروں کے درمیان جاری تعاون سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں کیے گئے پیشگی اقدامات کے باعث متعلقہ ادارے مون سون کے دوران صورتحال کی مؤثر نگرانی کررہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ این ڈی ایم اے حکام کے مطابق ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لیے متعلقہ اداروں کو تیار رکھا گیا ہے۔