ماہرہ خان کا دوسری بار ماں بننے کا تجربہ، زندگی کے منصوبے بدلنے کا اعتراف
ٹورنٹو: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کے تجربے کو اپنی زندگی کی ایک غیر متوقع اور بڑی تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سفر ان کے لیے جذباتی اور جسمانی طور پر پہلی بار ماں بننے کے تجربے سے بالکل مختلف ہے۔
ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ ان کا بیٹا اب بڑا ہوچکا ہے اور ان کی زندگی کام، سفر اور معمولات کے ساتھ ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، ایسے میں کئی برس بعد دوبارہ ماں بننے کا سفر ان کے لیے ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوا۔
اداکارہ نے کہا کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت سے منصوبے بناتا ہے، تاہم اللہ کی منصوبہ بندی سب سے بہتر ہوتی ہے۔ ان کے مطابق اس تجربے نے انہیں ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے کے بجائے زندگی کو قبول کرنا سکھایا ہے۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ پہلی مرتبہ جب وہ ماں بنی تھیں تو ان کی عمر 24 سال تھی، جبکہ اب 41 سال کی عمر میں جسمانی طور پر یہ سفر زیادہ مشکل محسوس ہورہا ہے۔ بعض دن وہ اتنا کام نہیں کرپاتیں جتنا ان کا ذہن چاہتا ہے۔
کینیڈا میں ہونے والی تقریب کے لیے اداکارہ نے فگر ہگنگ بلیک گاؤن کا انتخاب کیا، جس کے ساتھ ہلکی جیولری پہنی۔ تقریب کے دوران ان کا بے بی بمپ بھی نمایاں تھا، جس کے بعد ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔
ماہرہ خان کے بلیک میٹرنٹی لُک نے بعض سوشل میڈیا صارفین کو بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے حمل کے دوران اپنائے گئے بلیک لُک کی یاد دلا دی، جس کے بعد دونوں اداکاراؤں کے انداز کا موازنہ بھی کیا جانے لگا۔