چھ سال بعد بابر اعظم کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم طویل انتظار کے بعد ایک بار پھر ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکشن میں نظر آنے والے ہیں، جہاں وہ تقریباً چھ سال کے وقفے کے بعد ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کی ہدایت کے بعد بابر اعظم بھی پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ جاری ہے جبکہ دوسرا مرحلہ 18 ستمبر سے شروع ہوگا۔
بابر اعظم وطن واپسی کے بعد دیگر معاملات کو حتمی شکل دے کر فرسٹ کلاس میچ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے پاکستان میں اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ دسمبر 2019 میں سنٹرل پنجاب کی جانب سے کھیلا تھا۔
پی سی بی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کا پابند کیا ہے تاکہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بھی بہتر انداز میں تیار رکھا جاسکے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی طویل وقفے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ حارث رؤف، فخر زمان اور سلمان علی آغا سمیت دیگر قومی کرکٹرز بھی پریزیڈنٹ ٹرافی میں ایکشن میں ہیں۔