تازہ ترین

بلوچستان 1122 سروس میں 9 جدید ایمبولینسز شامل کردی گئیں

0

کوئٹہ: بلوچستان میں ایمرجنسی طبی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 میں جدید سہولیات سے لیس 9 نئی ایمبولینسز شامل کردی گئی ہیں، جنہیں حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

صوبائی حکومت کے مطابق نئی ایمبولینسز کی شمولیت سے کوئٹہ میں میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور ہنگامی حالات میں متاثرہ افراد کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے انہیں صحت کی سہولیات تک منتقل کرنے میں مدد ملے گی۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ ایمرجنسی ریسپانس سافٹ ویئر کے ذریعے بلوچستان بھر میں ایمبولینسز کی مؤثر ڈیجیٹل ٹریکنگ ممکن ہوگی۔ اس نظام سے ایمبولینسز کی نقل و حرکت اور رسپانس کو بہتر انداز میں مانیٹر کیا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام ایمبولینسز کو جلد میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کے کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم سے منسلک کردیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق جدید ایمبولینس سسٹم کے ذریعے صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی ہنگامی طبی امداد کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی، جبکہ ڈیجیٹل نظام سے ایمبولینس سروسز کی مانیٹرنگ اور شفافیت میں بھی بہتری آئے گی۔

بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ نئے نظام کے ذریعے ایمبولینسز کا رسپانس ٹائم مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی تاکہ حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں متاثرین کو کم سے کم وقت میں طبی سہولت فراہم کی جاسکے۔

میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 میں 9 نئی ایمبولینسز کی شمولیت کو بلوچستان کے شعبہ صحت میں ایمرجنسی سروسز کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.