سعودی عرب کے 3 شہروں پر حوثیوں کے میزائل و ڈرون حملے، 13 افراد زخمی
ریاض: سعودی عرب کے تین شہروں خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں حوثیوں کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے شہری آبادیوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کو معمولی سے درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق حملوں کے نتیجے میں 7 رہائشی مکانات اور 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا شہری تنصیبات کو خطرے میں ڈالنے کا سلسلہ ہے۔
ترکی المالکی نے خبردار کیا کہ سعودی اتحاد ملک کی خودمختاری، شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے مؤثر اور سخت اقدامات کرے گا۔ ان کے مطابق ممکنہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت سعودی عرب کے حقِ دفاع اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے مطابق ہوگی۔
سعودی اتحاد کے ترجمان نے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام اور حوثیوں کی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری فوجی اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور یمن و سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی صورتحال کے باعث بحیرہ احمر اور خلیجی خطے میں بھی حالات حساس ہیں۔