تازہ ترین

برطانیہ 33 پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالرشپس دے گا

0

برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں برطانیہ کی معروف اسکالرشپ حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں خصوصی پری ڈپارچر تقریب منعقد ہوئی، جہاں انہیں برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے دوران نئے مواقع، تجربات اور مستقبل کے امکانات سے آگاہ کیا گیا۔

منتخب 33 پاکستانی اسکالرز تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی، گورننس، کاروبار اور سفارت کاری سمیت مختلف اہم شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے۔

اسکالرز لندن، ایڈنبرا، گلاسگو، برسٹل اور شیفیلڈ سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں کی ممتاز جامعات میں زیر تعلیم رہیں گے، جہاں انہیں عالمی معیار کی تعلیم اور عملی تجربات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

منتخب طلبہ عالمی صحت، انسانی حقوق، میڈیا، ترقیاتی معیشت، روبوٹکس اور انٹرپرینیورشپ جیسے جدید اور اہم شعبوں میں خصوصی مہارت حاصل کریں گے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق چیوننگ اور کامن ویلتھ اسکالرشپس کے اگلے مرحلے کے لیے درخواستوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے، جس سے مزید پاکستانی طلبہ کو برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کا موقع ملے گا۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ اسکالرشپ پروگرام برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کی عملی عکاسی کرتے ہیں۔ ان پروگرامز کے ذریعے باصلاحیت افراد کو جدید مہارتوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی روابط اور قیمتی تجربات حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے تعلیم مکمل کرنے والے اسکالرز اپنی حاصل کردہ مہارتوں اور تجربات کو پاکستان کی ترقی کے لیے استعمال کریں گے اور مختلف شعبوں میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان میں تقریباً 2 ہزار چیوننگ اور 1500 سے زائد کامن ویلتھ اسکالرز پر مشتمل مضبوط نیٹ ورک موجود ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، پیشہ ورانہ اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.