تازہ ترین

امریکا اور ایران کا جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق، پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب

0

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ بندی کے حوالے سے اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں ممالک نے پاکستان کی ثالثی کے تحت موجودہ 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کرلیا ہے، تاہم توسیع کی حتمی مدت ابھی طے نہیں کی گئی۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو نے پاکستانی سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کی مدت کا تعین آئندہ مذاکرات اور دونوں فریقوں کے درمیان مشاورت کے دوران کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ 60 روزہ جنگ بندی 17 اگست کو ختم ہونے والی ہے، جبکہ پاکستان نے اس میں توسیع اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق جنگ بندی میں توسیع کا بنیادی مقصد امریکا اور ایران کو ان حساس معاملات پر مذاکرات جاری رکھنے کے لیے مزید وقت فراہم کرنا ہے جن پر دونوں ممالک کے درمیان اب بھی شدید اختلافات موجود ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں تعطل کے بعد پاکستان اور قطر سمیت خطے کے دیگر ممالک دونوں فریقوں کے درمیان رابطوں اور سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

جنگ بندی میں توسیع کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان کئی بنیادی معاملات حل طلب رہیں گے۔ ان میں ایران کا جوہری پروگرام، امریکی پابندیاں، ایرانی منجمد اثاثے اور آبنائے ہرمز سے متعلق امور نمایاں ہیں۔

امریکا کی جانب سے ایران پر آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے کھولنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ایران امریکی پابندیوں کے خاتمے اور اپنے منجمد اثاثوں کی بحالی پر زور دے رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر جنگ بندی برقرار رہتی ہے تو دونوں فریقوں کو ان حساس معاملات پر بات چیت آگے بڑھانے اور کسی وسیع تر معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے لیے مزید وقت مل سکتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں پاکستان کی ثالثی سے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے اسلام آباد مفاہمتی سمجھوتے کے تحت جنگ بندی اور مذاکرات کے لیے 60 روز کی مدت مقرر کی گئی تھی، جو 17 اگست کو مکمل ہونے والی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.