اسحاق ڈار کا عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ، دورہ پاکستان کی دعوت
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور خطے کی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
بجلی چوروں اور نادہندگان کے کیخلاف کریک ڈاؤن،7 ارب سےزائد کی ریکوریز
اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر آئیسکو نے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 7 ارب روپے سے زائد کے واجبات وصول کر لیے۔
چیف ایگزیکٹو آئیسکو انجینئر چوہدری خالد محمود کے مطابق ستمبر 2023 سے جاری آپریشن میں 7073 بجلی چوروں کو 60 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 3299 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا، جبکہ واجبات ریکوری مہم کے دوران 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد صارفین سے 7 ارب روپے سے زائد وصول کیے جا چکے ہیں۔
انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ آئیسکو چیئرمین ڈاکٹر طاہر مسعود، بورڈ ممبران اور انتظامیہ حکومتی ہدایات پر بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کے لیے آئیسکو میں 12 لاکھ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے۔